بنگلورو۔یکم جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) شہر کے السور تالاب میں گندے پانی کے سبب بار بار مچھلیوں کی موت کے اسباب کا جائزہ لینے آج ریاستی وزراء روشن بیگ اور کے جے جارج نے مختلف سرکاری افسران اور مقامی نمائندوں کے ساتھ اس تالاب کا معائنہ کیا اور یہاں مچھلیوں کو بچانے کیلئے پانی کی صفائی کا کام ایک نجی کمپنی کے اشتراک سے تجرباتی طور پر شروع کرنے کا وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اکو جینٹک نامی ایجنسی کے ذریعہ السور تالاب کے پانی کی صفائی اور اس میں مچھلیوں کیلئے حیات بخش مواد شامل کرنے کیلئے تجرباتی منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شیواجی نگر، جیون ہلی اور دیگر علاقوں سے السور تالاب میں جو نالے کا پانی جمع ہوتا ہے اس پانی کی صفائی کیلئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ ساتھ ہی یہ انتظام کیا جائے گا کہ نالوں کے اس پانی کو تالاب میں جمع ہونے سے روکا جائے۔ بی ڈبلیو ایس ایس بی ، بی بی ایم پی اور دیگر ایجنسیوں کے اشتراک سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ نالے کاپانی تالاب سے باہر ہی بہے۔ پلیوشن کنٹرول بورڈ کی طرف سے تالاب کے پانی کی صفائی کیلئے چار کروڑ روپیوں کی لاگت پر ایک پلانٹ قائم کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ ہبال تالاب کے پانی کی صفائی کے طرز پر یہاں بھی پانی کی صفائی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ شہر کے بلنڈور تالاب میں بار بار جھاگ ابلنے سے نمٹنے کیلئے چیف سکریٹری کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔اس کمیٹی سے ملنے والی رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ بی بی ایم پی میں حکمران پارٹی کے لیڈر ستیہ نارائنا ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد ، سلم کلیرنس بورڈ چیرمین پی آر رمیش اور دیگر اعلیٰ عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔